حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکَردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے یومِ شہادت امام حسن عسکری (ع) کی مناسبت سے امام وقت کے حضور تعزیت عرض کرتے ہوئے کہا کہ 9 ربیع الاوّل؛ امام وقت سے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔
علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ 9 ربیع الاول امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی امامت کے آغاز اور تاج پوشی کی مناسبت سے مبارک دن ہے۔ مؤمنین اس دن کو عبادت، ذکر، درود و صلوات، خوشی اور امامِ وقت سے تجدیدِ عہد کے ساتھ منائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام زمانہ عج اللہ تعالیٰ کا حقیقی منتظر وہ ہے جو اپنے کردار کو تقویٰ، صداقت، نیکی، عبادت، خدمتِ خلق اور اہل بیتؑ کی تعلیمات سے آراستہ کرے۔ ظہور کے انتظار کا دعویٰ زبان سے نہیں، بلکہ عمل سے ثابت ہونا چاہیے۔
امام جمعہ سکردو نے امام حسن عسکری کی شہادت کی مناسبت سے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت ہمارے لیے عملی نمونہ ہے۔ آپ نے تقویٰ و ورع، صداقت، امانت داری، عبادت اور حسنِ اخلاق کی تاکید فرمائی۔ حقیقی مؤمن وہ ہے جو اپنے قول و عمل میں سچا، امانت دار اور اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا ہو، نمازِ جماعت میں شریک ہو، جنازوں میں شرکت کرے اور بیماروں کی عیادت کرے۔
علامہ شیخ حسن جعفری نے امام حسن عسکری علیہ السّلام کی اخلاقی تعلیمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بدترین انسان وہ ہے جس کے دو چہرے اور دو زبانیں ہوں، جو سامنے تعریف اور پیٹھ پیچھے برائی کرے، بہتان لگائے اور دوسروں کی عزت، کامیابی یا منصب سے حسد کرے۔ اہل بیت علیہم السلام کے پیروکار کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ وہ ان کے لیے باعثِ زینت ہو، باعثِ ننگ و عار نہ ہو۔
انہوں نے گناہ کے بعد توبہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان سے گناہ سرزد ہو جائے تو مایوس ہونے کے بجائے فوراً اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرے۔ ذکر، نماز، سجدہ، استغفار اور سچی توبہ انسان کو شیطان کے وسوسوں سے نجات دلاتے ہیں۔ انسان کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسن عسکری کی سیرت پر عمل، گناہوں سے اجتناب، سچی توبہ، شیطان کے وسوسوں سے حفاظت اور اہل بیت کے لیے باعثِ زینت بننے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں امام زمانہؑ کے حقیقی منتظرین میں شامل فرمائے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ معبودِ حقیقی، حقیقی مالک اور بادشاہ صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ انسان کو اپنی طاقت، منصب اور مقام پر غرور کے بجائے ہر حال میں اللہ کے سامنے جھکنا چاہیے۔ دنیا کی تمام طاقتیں اور بادشاہتیں عارضی ہیں، جبکہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت و بادشاہت دائمی ہے۔ دل و دماغ کو وسوسوں اور فکری الجھنوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ذکرِ الٰہی اور اپنے حقیقی رب کی طرف رجوع ضروری ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مقامی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں، بالخصوص طالبات کے اداروں میں کسی بھی قسم کا ناروا سلوک ناقابلِ قبول ہے۔ اگر بلتستان یونیورسٹی سے متعلق مبینہ شکایت تحقیقات میں درست ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون و ضابطے کے مطابق فوری کاروائی کرتے ہوئے انہیں تعلیمی اداروں کی اہم پوسٹوں سے نکال دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں اور بہنیں محفوظ اور باوقار تعلیمی ماحول کی مستحق ہیں، لہٰذا اداروں کی اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ طالبات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے۔
امام جمعہ سکردو نے کہا کہ مشکات یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ہماری بچیوں کو محفوظ، باوقار اور تربیتی ماحول میں معیاری تعلیم کے ساتھ دینی، اخلاقی اور معاشرتی تربیت فراہم کرنا ہے۔ ہماری بیٹیوں کو علم، کردار، حیا اور دینی اقدار سے آراستہ کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ یہ ادارہ نئی نسل کے روشن مستقبل اور جامع تربیت کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کی کامیابی کے لیے تمام لوگوں کا تعاون ضروری ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے سکردو شہر میں منشّیات اسمگلنگ کیس میں سیشن کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزم کو 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنانا قابلِ تحسین اور قابلِ عبرت فیصلہ ہے۔
انہوں نے سیشن کورٹ کے جج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایسے مؤثر فیصلے منشّیات کے کاروبار کی حوصلہ شکنی اور نوجوان نسل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امید ہے عدالتیں آئندہ بھی قانون کے مطابق ایسے مؤثر فیصلے کرتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشّیات کے خاتمے کے لیے عدلیہ، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معاشرے کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔









آپ کا تبصرہ